بنگلورو۔15جون(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ایم بی پاٹل نے آج واضح کیا کہ میکے ڈاٹ سے قریب کاویری ندی پر ڈیم تعمیر ہوکر رہے گا۔ اور اس معاملے پر حکومت کے موقف میں کسی بھی طرح کی تبدیلی نہیں ہوگی۔ تملناڈو کی وزیراعلیٰ جئے للیتا کے ذریعہ وزیراعظم سے ملاقات کے معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ مرکزی آبی کمیشن کی منظوری حاصل کرنے کے بعد میکے ڈاٹ منصوبہ جاری کیا جائے گا۔ اس معاملے پر حکومت کا موقف اٹل رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر بنگلور سمیت مختلف اضلاع کو پینے کا پانی فراہم کرنے والے میکے ڈاٹ منصوبے کا پلان تیار کرلیا گیا ہے، اس سے پہلے بھی تملناڈو نے اس منصوبے کی مخالفت کی تھی ، تاہم ریاستی حکومت مرکزی آبی کمیشن سے منظوری حاصل کرکے اس منصوبے کو جاری کرے گی۔ اس معاملے پر اگلے کابینہ اجلاس میں تبادلہ¿ خیال کیا جائے گا۔ کسی بھی حال میں حکومت کے موقف میں تبدیلی نہیں آئے گی۔میسور ضلع کے نگران کار وزیر وی سرینواس پرساد نے بتایاکہ جب بھی جئے للیتا تملناڈو کی وزیراعلیٰ بنتی ہیں پانی کیلئے اس طرح کی گندی سیاست کرتی ہی رہتی ہیں۔ تاہم ریاستی حکومت ان کے زیر اثر نہیں آئے گی۔ اور ڈیم کی تعمیر کے معاملے پر حکومت کا فیصلہ اٹل رہے گا۔